بہت سے مریضوں کی سر اور آنکھوں کی درد ذہنی ٹینشن اور اعصابی تنا ٶ کے باعث ہوتی ہے۔ دانتوں اور چہرے کے پٹھوں کی تکالیف بھی سر اور آنکھوں کی درد کا اہم سبب ہے۔ اِن مریضوں کا بہتر علاج کوئی ڈینٹسٹ ہی کر سکتا ہے۔ بلڈ پریشر اور شوگر کی بیماریاں بھی سر اور آنکھوں کی درد میں کافی بدنام ہیں اور ظاہر اِن کے علاج کے ماہرین میڈیکل سپیشلسٹ ہوتے ہیں۔ کئی قسم کے کینسر اور رسولیاں بھی سر اور آنکھوں کی درد کا باعث بنتی ہیں۔
اِسی طرح Sinusitis کے مریضوں کو جو سر اور آنکھوں میں درد ہوتا ہے اُس کا آرام آنکھوں کا علاج کرنے سے نہیں آ سکتا اور شاید کوئی آئی سپیشلسٹ اُس کا صحیح طرح علاج بھی نہیں کر سکتا۔
جب اِتنی متنوّع وجوہات ہوتی ہیں اور اُن کا علاج کرنے والے ڈاکٹر بھی بالکل مختلف نوعیّت کے ہوتے ہیں تو ایک عام آدمی کیسے جان سکتا ہے کہ اُسے کس ڈاکٹر کے پاس جانا چا ہئے؟
یہ سوال بہت ہی اہم ہے کیونکہ بہت سارے مریض بے چارے اِس بات کو نہ جاننے کی وجہ سے مختلف ڈاکٹروں کے درمیان گیند کی طرح لُڑھکتے رہتے ہیں۔ اُن کا پیسہ بھی ضائع ہوتا ہے اور بیماری بھی بگڑ جاتی ہے۔ کئی ایسے مریض جن کے بارے میں سوچ کر بھی دُکھ ہوتا ہے کہ کاش اِن کی وقت پر تشخیص ہو جاتی تو اِن کا اِتنا زیادہ نقصان نہ ہوتا۔ اصل معیاری طریقہ یہ ہے کہ سب سے پہلے فیملی فزیشن کو مریض دیکھنا چاہئے کیونکہ وہ مریض کو مکمل چیک بھی کرے گا اور علاج کرنے کی بھی صلاحیّت رکھتا ہے۔ وہ بہتر فیصلہ کر سکتا ہے کہ مریض کو کس سپیشلسٹ سے مشورہ کی ضرورت ہے۔ اور حقیقت یہ ہے کہ سپیشلسٹ کے تجویز کردہ علاج کے بہت سے اجزاء پر عمل بھی اُسی کی نگرانی میں صحیح طریقے سے ہو سکتا ہے۔ ہمارے ہاں اس پر عمل نہیں ہوتا۔ جن ممالک میں علاج کا جدید نظام رائج ہے وہاں ایسے ہی ہوتا ہے۔ ہمارے اِس کی عملی شکل یہ ہے کہ ہم خود کسی فیملی فزیشن کا انتخاب کر لیں؛ علاج کا مرکز اس کو بنایا کریں اور کوشش کیا کریں کہ Specialty کا انتخاب اُس کے مشورے سے کریں۔
اگرآپ سردرد اور آنکھوں کے تعلق اور اِس کے علاج کے متعلق مزید کوئی سوال پوچھنا چاہتے ہوں تو اُس کو کمنٹ کے خانے میں لکھ کر پوسٹ کر دیں انشاءاللہ انہی صفحات میں جواب دینے کی کوشش کی جائے گی۔ اسی طرح اپنی رائے، تبصرہ یا تجویز کو بھی کمنٹ میں لکھ کر پوسٹ کردیں میں بہت ممنون اور مشکور ہوں گا۔
Leave a Reply