- سب سے پہلی بات یہ ہے کہ شفا دینے والا اللہ تعالی ہے اِس لئے اُس سے مسلسل دُعا کرتے رہیں۔ اور جِتنا فائدہ ہوتا جائے اُتنا اللہ کا شکر ادا کرتے جائیں کیونکہ شکر کرنے اور اِحسان کی قدر کرنے سے اللہ تعالی خوش ہوتے ہیں اور اپنی عطاؤں میں اضافہ کرتے ہیں۔ اِس سے توقع ہے کہ جلد از جلد اور مکمل شفاء مل جائے گی۔
- اپریشن کے بعد کم ازکم ایک ہفتہ آنکھ کو عام پانی سے صاف نہ کریں۔ خصوصاً صابن یا شیمپُو آنکھ میں بالکل نہیں جانا چاہئے۔ نناز کیلئے مسح کر لیں۔
- روزانہ صبح آنکھ کی صفائی کریں۔ اسکے لئے صاف روئی لیکر اُسے پانی میں اُبالیں؛ اُبلنے کا وقت قریباً آدھا گھنٹہ ہونا چاہئے۔ پھر اُسے ٹھنڈا کریں؛ جب نیم گرم ہو جائے تو اُس روئی کو نچوڑ کر اُس سے سے آنکھ کو صاف کریں۔ بعد میں آنکھ کی صفائی کے لئے رومال وغیرہ اِستعمال کرنے کی بجائے ٹشو پیپر اِستعمال کریں اور ایک ٹشو پیپر کو بار بار اِستعمال نہ کریں
- مُجوّزہ قطرے اندازے سے ڈالنے کی بجائے گھڑی دیکھ کر بتائے گئے وقفے کے مطابق آنکھ میں ڈالیں۔ اِسی طرح کھانے والی ادویات کو بھی بڑی باقائدگی سے اِستعمال کریں۔ اپریشن کے بعد کے ابتدائی دن بہت ہی اہم ہوتے ہیں۔ اِس دوران دوائی کے اِستعمال میں بےاِحتیاطی یا بےقائدگی بعض اوقات کسی بڑی پریشانی میں مبتلا کر دیتی ہے کیونکہ نہ جراثیم کسی کا لحاظ کرتے ہیں اور نہ ہی دوائی۔
- ایک ہفتے تک آگے کو نہ جُھکیں اور نہ وزن اُٹھائیں. آنکھ کو ملنے سے خصوصی پرہیز کریں۔
- اپریشن کے بعد کچھ وقت کیلئے سُرخی اور چُبھن محسوس ہو گی، علاوہ ازیں معمول سے کُچھ زیادہ پانی بھی آ سکتا ہے اِس سے نہ گبھرائیں۔۔
- کھانے پینے یا گھر میں کھانا پکانے کے سلسلے میں کوئی خصوصی اِحتیاط نہیں ہے۔
- قوی اُمید ہے آپ کی نظر ایک یا دو ہفتوں میں بہتر ہونا شروع ہو جائے گی؛ تاہم نظر کی بہتری کا اِنحصار اِس بات پر ہے کہ پردہ بیماری سے کِس حد تک متاثر ہوا ہے۔ بہتری کے عمل کو عموماً تین مہینے لگ جاتے ہیں۔
- پردہ کو اپنی جگہ پر برقرار رکھنے کے لئے آپ کی آنکھ میں ایک دوائی ڈالی گئی ہے جسے سیلیکان آئل کہتے ہیں۔ اِس کی دفعہ سے نظر میں کُچھ کمی آ جاتی ہے۔ اِس دوائی کے نکالنے کے بعد نظر مزید بہتر ہو جاتی ہے۔ یہ دوائی کم ازکم تین مہینے ضرور آنکھ میں رکھنی پڑتی ہے۔ بہت سے خوش افراد کی آنکھوں کا پردہ بعد میں اِس دوائی کے بغیر بھی اپنی جگہ پر قائم رہتا ہے۔ لیکن کچھ لوگوں کی آنکھوں میں یہ مستقل طور بھی رکھنا پڑتا ہے۔ پردہ کو اچھی طرح جوڑنے کیلئے کُچھ عرصہ کے لئے سر کو خصوصی پوزیشن میں رکھنا پڑتا ہے۔ یہ عمل اگرچہ مشکل ہے لیکن اِس کے نتیجے میں پردہ اپنی جگہ پر بیٹھ جاتا ہے اور جُڑ جاتا ہے۔
- پردہ کو اپنی جگہ پر برقرار رکھنے کے لئے آپ کی آنکھ میں ایک گیس ڈالی گئی ہے جس کی دفعہ سے نظر میں کمی آ جاتی ہے۔ اِس گیس کے خون میں جذب ہو جانے کے بعد نظر بہتر ہو جاتی ہے۔ یہ دوائی تقریباً دو سے تین ہفتے میں خون میں جذب ہو جاتی ہے۔ پردہ کو اچھی طرح جوڑنے کیلئے کُچھ عرصہ کے لئے سر کو خصوصی پوزیشن میں رکھنا پڑتا ہے۔ یہ عمل اگرچہ مشکل ہے لیکن اِس کے نتیجے میں پردہ اپنی جگہ پر بیٹھ جاتا ہے اور جُڑ جاتا ہے۔
- کئی دفعہ اپریشن کے کُچھ عرصہ بعد پردے کی مضبوطی کے لئے لیزر لگانے کی بھی ضرورت پڑتی ہے۔
- پردہ کی بہت ساری بیماریوں میں دوسری آنکھ کا علاج بھی ضروری ہوتا ہے۔
Leave a Reply