آنکھوں کی بیماریوں اور علاج کے بارے میں مستند معلومات حاصل کرنے کیلئے مینو پر کلک کریں

سفید موتیا کا ٹانکوں والا اپریشن ہو جانے کے بعد کی ہدایات

  1. سب سے پہلی بات یہ ہے کہ شفا دینے والا اللہ تعالی ہے اِس لئے اُس سے مسلسل دُعا کرتے رہیں۔ اور جِتنا فائدہ ہوتا جائے اُتنا اللہ کا شکر ادا کرتے جائیں کیونکہ شکر کرنے اور اِحسان کی قدر کرنے سے اللہ تعالی خوش ہوتے ہیں اور اپنی عطاؤں میں اضافہ کرتے ہیں۔ اِس سے توقع ہے کہ جلد از جلد اور مکمل شفاء مل جائے گی۔
  2. اگر آپ کو شُوگر، بلڈ پریشر، دمہ یا کوئی اور دائمی بیماری ہو تو اُس کی دوائیاں بند نہ کریں بلکہ پہلے سے بھی زیادہ احتیاط سے اُس کا علاج کریں تاکہ آنکھ کے اپریشن میں کوئی پیچیدگی پیدا نہ ہو۔
  3. اپریشن کے بعد کم ازکم ایک ہفتہ آنکھ کو عام پانی سے صاف نہ کریں۔ خصوصاً صابن یا شیمپُو آنکھ میں نہیں جانا چاہئے۔
  4. مُجوّزہ قطرے اندازے سے ڈالنے کی بجائے گھڑی دیکھ کر بتائے گئے وقفے کے مطابق آنکھ میں ڈالیں۔ اِسی طرح کھانے والی ادویات کو بھی بڑی باقائدگی سے اِستعمال کریں۔ اپریشن کے بعد کے ابتدائی دن بہت ہی اہم ہوتے ہیں۔ اِس دوران دوائی کے اِستعمال میں بےاِحتیاطی یا بےقائدگی بعض اوقات کسی بڑی پریشانی میں مبتلا کر دیتی ہے کیونکہ نہ جراثیم کسی کا لحاظ کرتے ہیں اور نہ ہی دوائی۔
  5. روزانہ صبح صاف روئی کو پانی میں اُبالیں؛ اُبلنے کا وقت قریباً آدھا گھنٹہ ہونا چاہئے۔ پھر اُسے ٹھنڈا کریں؛ جب نیم گرم ہو جائے تو اُس روئی سے ایک دفعہ آنکھ کو صاف کر لیں۔ بعد میں آنکھ کی صفائی کے لئے رومال وغیرہ اِستعمال کرنے کی بجائے ٹشو پیپر اِستعمال کریں اور ایک صفحہ اِستعمال کرکے پھینک دیں اُسے باربار اِستعمال نہ کریں۔
  6. تین ہفتے تک آگے کو نہ جُھکیں اور وزن نہ اُٹھائیں۔
  7. آنکھ کو ملنے سے خصوصی پرہیز کریں۔
  8. نماز کی ادائیگی میں بالکل تعطّل نہیں آنا چاہئے البتّہ آنکھ کا دو ہفتے تک مسح کرتے رہیں۔
  9. معمولی سُرخی، چُبھن، یا معمول سے کُچھ زیادہ پانی آنا ایک قدرتی امر ہے اِس سے نہ گبھرائیں۔ البتّہ اِن میں سے کوئی علامت بہت زیادہ ہو یا کوئی اور علامت نئے سرے سے پیدا ہو جائے یا نظر بہت زیادہ کم ہونے لگے تو فی الفور رابطہ کریں بالکل تاخیر نہ کریں۔
  10. بہت زیادہ لیٹے رہنے کی ضرورت نہیں بلکہ چہل قدمی کرنا صحت کے لئے مفید ہوتا ہے۔
  11. کھانے پینے کے حوالے سے کوئی خصوصی اِحتیاط نہیں ہے؛ البتّہ دیگر بیماریوں کے لئے جو اِحتیاطیں بتائی گئی ہیں وہ ضرور کریں۔
  12. گھر میں تڑکا لگانے یا دیگر معمول کی سرگرمیوں کو معطّل کرنے کی کوئی ضرورت نہیں۔
  13. چُونکہ آپ کی آنکھ میں ٹانکے لگائے گئے ہیں جِن کو قریباً چھ ہفتے بعد نکالا جائے گا اِس لئے نظر کی بہتری کا فائنل فیصلہ ٹانکے نکلنے کے بعد ہی ہو گا۔ اِس دوران وقتاً فوقتاً آنکھ کا معائنہ کروانا ہوگا تاکہ اگر کوئی پیچیدگی پیدا ہونے لگے تو فوراً اُس پر قابو پایا جا سکے۔
  14. لینز ڈالنے کی وجہ سے موٹے موٹے شیشوں والی کی ضرورت تو اب باقی نہیں رہی لیکن ہلکے سے نمبر کے لگنے کا امکان ہوتا ہے خصوصاً نزدیک کی عینک تو قریباً سب کو لگتی ہے سوائے اُن کے جن کو ملٹی فوکل لینز ڈالا گیا ہو۔

Comments

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

×

Hello!

Click one of our contacts below to chat on WhatsApp

× For appointment click here