1. سب سے پہلی بات یہ ہے کہ شفا دینے والا اللہ تعالی ہے اِس لئے اُس سے مسلسل دُعا کرتے رہیں۔ اور جِتنا فائدہ ہوتا جائے اُتنا اللہ کا شکر ادا کرتے جائیں کیونکہ شکر کرنے اور اِحسان کی قدر کرنے سے اللہ تعالی خوش ہوتے ہیں اور اپنی عطاؤں میں اضافہ کرتے ہیں۔ اِس سے توقع ہے کہ جلد از جلد اور مکمل شفاء مل جائے گی۔
2. اگر آپ کو شُوگر، بلڈ پریشر، دمہ یا کوئی اور دائمی بیماری ہو تو اُس کی دوائیاں بند نہ کریں بلکہ پہلے سے بھی زیادہ احتیاط سے اُس کا علاج کریں تاکہ آنکھ کے اپریشن میں کوئی پیچیدگی پیدا نہ ہو۔

3. اپریشن کے بعد کم ازکم ایک ہفتہ آنکھ کو عام پانی سے دھونے خصوصاً صابن یا شیمپُو استعمال کرنے سے احتیاط کریں۔

4. روزانہ صبح آنکھ کی صفائی صاف روئی سے کریں۔  روئی کو پانی میں اُبالیں؛ اُبلنے کا وقت قریباً آدھا گھنٹہ ہونا چاہئے۔ پھر اُسے ٹھنڈا کریں؛ جب نیم گرم ہو جائے تو اُس روئی سے آنکھ کو صاف کرسکتے ہیں۔ بعد میں آنکھ کی صفائی کے لئے رومال وغیرہ اِستعمال کرنے کی بجائے ٹشو پیپر اِستعمال کریں اور ایک ٹشو پیپر کو بار بار اِستعمال نہ کریں۔

5. مُجوّزہ قطرے اندازے سے ڈالنے کی بجائے گھڑی دیکھ کر بتائے گئے وقفے کے مطابق آنکھ میں ڈالیں۔ اِسی طرح کھانے والی ادویات کو بھی بڑی باقائدگی سے اِستعمال کریں۔ اپریشن کے بعد کے ابتدائی دن بہت ہی اہم ہوتے ہیں۔ اِس دوران دوائی کے اِستعمال میں بےاِحتیاطی یا بےقائدگی بعض اوقات کسی بڑی پریشانی میں مبتلا کر دیتی ہے کیونکہ نہ جراثیم کسی کا لحاظ کرتے ہیں اور نہ ہی دوائی۔

6. ایک ہفتے تک آگے کو نہ جُھکیں اور نہ وزن اُٹھائیں۔

7. نماز کی ادائیگی میں بالکل تعطّل نہیں آنا چاہئے البتّہ آنکھ کا مسح کرتے رہیں۔

8. معمولی سُرخی، چُبھن، یا معمول سے کُچھ زیادہ پانی آنا ایک قدرتی امر ہے اِس سے نہ گبھرائیں۔ البتّہ اگر تکلیف زیادہ ہو یا نظر بہت زیادہ کم ہونے لگے تو فی الفور رابطہ کریں بالکل تاخیر نہ کریں۔

9. کھانے پینے کے حوالے سے کوئی خصوصی اِحتیاط نہیں ہے؛ اسی طرح گھر میں تڑکا لگانے یا دیگر معمول کی سرگرمیوں کو معطّل کرنے کی کوئی ضرورت نہیں۔

10. قوی اُمید ہے آپ کی نظر ایک یا دو ہفتوں میں بہتر ہونا شروع ہو جائے گی؛ اِس دوران میں آپ کو وقتاً فوقتاً معائنہ کروانا ہوگا۔ تاہم نظر کی بہتری کا اِنحصار اِس بات پر ہے کہ پردہ بیماری سے کِس حد تک متاثر ہوا ہے۔ بہتری کے عمل کو عموماً تین مہینے لگ جاتے ہیں۔

11. اگر پردہ کو اپنی جگہ پر برقرار رکھنے کے لئے سیلیکان آئل ڈالا گیا ہو تو نظر کُچھ اور زیادہ کمزور ہوتی ہے جو کہ اِس دوائی کے نکالنے کے بعد مزید بہتر ہو جاتی ہے۔ یہ دوائی کم ازکم تین مہینے ضرور آنکھ میں رکھنی پڑتی ہے۔ بہت سے خوش افراد کی آنکھوں کا پردہ بعد میں اِس دوائی کے بغیر بھی اپنی جگہ پر قائم رہتا ہے۔ لیکن بہت سارے لوگوں کی آنکھوں میں یہ مستقل طور بھی رکھنا پڑتا ہے۔

12. پردہ کو اپنی جگہ پر رکھنے کے لئے کُچھ عرصہ کے لئے سر اور آنکھ کو خصوصی پوزیشنوں میں رکھنا پڑتا ہے۔ یہ عمل اگرچہ مشکل ہے لیکن اِس کے نتیجے میں پردہ اپنی جگہ پر بیٹھ جاتا ہے اور جُڑ جاتا ہے۔

13۔ کئی دفعہ اپریشن کے کُچھ عرصہ بعد پردے کی مضبوطی کے لئے لیزر لگانے کی بھی ضرورت پڑتی ہے۔

14۔ پردہ کی بہت ساری صورتوں میں دوسری آنکھ کا علاج بھی ضروری ہوتا ہے۔


Comments

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *